پاکستان سپرلیگ متحدہ عرب امارات میں ہو گی، پی سی بی کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی پاکستان سپر لیگ کے وینو اور شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ قطر میں مقررہ وقت تک تیاریاں مکمل نہ ہونے کی بنا پر پاکستان سپر لیگ کو ایک مرتبہ پھر متحدہ عرب امارات میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کے میچز 4 سے 24 فروری تک دبئی اور شارجہ کے کرکٹ سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ 21 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے گذشتہ روز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کے براڈکاسٹ رائٹس کے فروخت کا عمل اکتوبر کے دوسرے ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ ٹیموں کی فرنچائز اور ٹیموں میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی فروخت کے حوالے سے معاملات کو نومبر کے وسط سے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں جن میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، ویس انڈیز کے کرس گیل، کیرون پولارڈ، اندرے رسل، ڈیوائن براو، سنیل نارائن، انگلینڈ کے لیوک رائٹ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، سری لنکا کے لیسنتھ ملنگااور انجلیو میتھیوز شامل ہیں نے اپنی شرکت کے حوالے سے خواہش کا اظہار کر رکھا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو چاروں صوبائی دارلحکومت لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے ناموں سے منسوب کیا گیا ہے۔ نجم سیٹھی کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں دنیا کے ٹاپ 20 کھلاڑی مختلف ٹیموں میں ایکشن میں دکھائی دینگے جس کے لیے 132 غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنی شرکت کے لیے پی ایس ایل انتظامیہ کو یقینی دہانی کرا رکھی ہے۔ کھلاڑیوں کا انتخاب دسمبر میں کیا جائے گا جبکہ بہترین کوچز کا پول بھی موجود ہے، ٹیموں کے فرنچائزر کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اپنی مرضی کے کوچز کی خدمات حاصل کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی انعامی رقم ایک ملین ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ ہر فرنچائز اپنی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں اور کوچز کو ایک ملین ڈالر کی حد تک خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔