• news

عید تعطیلات، قومی انڈر 15بیس بال ٹیم کا تربیتی کیمپ عارضی طور پر ختم

لاہور(سپورٹس رپورٹر) انڈر 15 ایشین بیس بال چیمپئن شپ کی تیاری کے لئے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا تربیتی کیمپ عید کی تعطیلات کے لئے عارضی طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان فیڈریشن بیس بال اور کیمپ کمانڈنٹ سید فخر شاہ کے مطابق پاکستان انڈر 15 ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری تھا جسے عید کی چھٹیوں کی وجہ سے عارضی طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ عید کے بعد کیمپ کا دوبارہ آغاز 29 ستمبر کو ہوگا۔ جاپان میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں ایشیا کی ٹاپ چھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں ایک ٹیم پاکستان کی بھی ہے۔ پاکستان کی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم اچھے نتائج دینے کی کوشش کرے گی۔ یہ نوجوان کھلاڑی ہمارا مستقبل ہیں جن پر پوری توجہ دی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن