• news

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ویمنزٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی

لاہور (نمائندہ سپورٹس ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی ۔ بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے بتایا کہ قومی ٹیم دو ٹی ٹونٹی اور دو ایک روزہ میچز کھیلنے کیلئے 28ستمبر کو پاکستان پہنچے گی ۔2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ کے بعد کسی بھی بنگلہ دیشی ٹیم کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ ناظم الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹیم کو وی وی آئی پی سکیورٹی دی جائے گی ۔بنگلہ دیشی حکومت نے گزشتہ روز ویمنز ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے گرین سگنل دیا تھا ۔قبل ازیں سکیورٹی ٹیم پاکستان میں کراچی اور لاہور کے سٹیڈیمز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لے چکی تھی جس کی رپورٹ پر دورہ کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہینڈ بال اور فٹ بال ٹیموں کے بھجوانے کی تجویز دی گئی تھی جس پر غور کیا جائیگا ۔سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں ۔سٹیڈیم کے اطراف اور دروازوں کی سکیورٹی پر بات چیت کی گئی اور اس کے بعد کوئی چیز باقی نہیں کہ ہم ٹیم کو نہ بھجوا سکیں ۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سینئر نائن صدرمحبو ب الانعام اور ویمنز ونگ کے چیئرمین ایم اے اوال چوہدری اور سکیورٹی ہیڈ بھی پاکستان جائیں گے ۔دورہ کے شیڈول اور سکواڈ کا اعلان بہت جلد کر دیا جائیگا۔خواتین کھلاڑیوں سے دورہ کیلئے بات چیت کی گئی تھی اور ان کی رضامندی کے بعد دورہ کی تصدیق کی گئی ہے ۔دورہ سے تعلقات میں بہتری آئے گی ۔

ای پیپر-دی نیشن