• news

اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں سرچ آپریشن، 3 دہشت گردوں سمیت 109 گرفتار

اسلام آباد + کراچی + کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے دوران اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں 20 افغان باشندوں اور 3 دہشت گردوں سمیت 109 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران 20 افغانی باشندوں سمیت 71 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیاگیا، آپریشن کے دوران اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کر لی گئی۔ بری امام میں سرچ آپریشن میں 4 مشتبہ افغان باشندوں سمیت 14 افراد گرفتار اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ سرچ آپریشن تین گھنٹے تک جاری رہا۔ ادھر کراچی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 21 مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا۔ مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے، شہر کے دیگر علاقوں سے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ترجمان کے مطابق پولیس اور ایف سی نے اخروٹ آباد اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے اطراف کے علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس میں 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایف سی ترجمان کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ماہ لہری بازار میں ہونے والے موٹر سائیکل بم دھماکے میں ملوث مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 2 دیگر دہشت گردوں کو کوہلو اور ماچ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن