امن دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے، آخری جیت پاکستان کی ہو گی: شہباز شریف
ؒٓلاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ توانائی بحران اور دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ اولین ترجیحات ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں کے لئے جتنی مخلصانہ کاوشیں موجودہ دور میں ہوئی ہیں اس کی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ چین کے تعاون سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے بجلی کے متعدد منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور 2017ء کے اختتام تک توانائی کے کئی منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ امن دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے اور اس جنگ میں آخری جیت صرف اور پاکستان اور 18 کروڑ عوام کی ہوگی۔ وہ رائے ونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا نصب العین ہے اور حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کے مسائل حل کرنے کے لئے شب و روز کوشاں ہے۔ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلے میں مضبوط، پرامن اور معاشی لحاظ سے مستحکم بن چکا ہے اور انشاء اللہ آئندہ اڑھائی برس کے دوران پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ قومی اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں قومی مسائل کے حل کیلئے اتفاق رائے پیدا کرکے نئے سیاسی کلچر کی بنیاد ڈالی گئی ہے۔ سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں پر فخر ہے اور پاکستان کی بقا کی جنگ لڑنے والے ہمارے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لئے سرگرم عمل پولیس حکام اور اہلکاروں کی فرض شناسی پر بھی ناز ہے۔ عید پر اپنوں سے دور رہ کر ملک وقوم کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دینے والے قوم کے دلیر بیٹوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجا سکتا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے وطن عزیز میں کوئی جگہ نہیں۔ قوم کے اتحاد کی طاقت سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کے قلع قمع کے لئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے تمام ملازمین کو عید الاضحی پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 10 روز کی اضافی تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنی چھٹیاں قربان کرکے عام شہریوں کے لئے صاف ستھرے ماحول یقینی بنانا ورکرز کی طرف سے ایک قابل قدر خدمت ہے جس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ انہوں نے سابق چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی خواجہ احمد حسان، کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ سنبل، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرکیپٹن (ر) محمد عثمان اور منیجنگ ڈائریکٹر ایل ڈبلیو ایم سی خالد مجید اور ان کی ٹیم کی خدمات کو بھی بے حد سراہا۔ ایل ڈبلیو ایم سی انتظامیہ نے عید الاضحی پر بہترین صفائی انتظامات ممکن بنانے میں شہریوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے جبکہ ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز نے بھی وزیرِاعلیٰ پنجاب کی طرف سے کی جانے والے حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے ترجمان کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) نے عید الاضحی کے دوران صفائی آپریشن کے نتیجے میں قربانی کے جانوروں کی 40 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں کامیابی سے ٹھکانے لگا دیں۔ جانوروں کی آلائشوں کو اکٹھا کیا گیا اور بعدازاں عید کے تیسرے روز لکھوڈیر ڈمپنگ پوائنٹ پر ماحول دوست طریقے سے زمین میں دفن کر کے مٹی و چونے سے ڈھک دیا گیا۔ ایم ڈی خالد مجید کا کہنا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا آپریشن چاند رات سے عید کے تیسرے روز تک مسلسل جاری رہا جس میں ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران سمیت 10ہزار سے زائد ورکرز نے حصہ لیا۔ آپریشن کو معمول کی مشینری کے علاوہ 1500اضافی گاڑیوں کی بھی مدد حاصل رہی۔ علاوہ ازیں البیراک کمپنی کی ترجمان کے مطابق کے عید صفائی آپریشنز کے دوران ہزاروں ٹن کوڑا اٹھایا گیا۔ کمپنی کی 700 سے زائد گاڑیوں نے تین مختلف شفٹوں میں کام کیا اور صرف پہلے روز 5500 ٹن کوڑا ڈمپ سائیٹ پر پہنچایا گیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے راولپنڈی میں ڈینگی کے باعث 60سالہ خاتون کے جاں بحق ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت، سیکرٹری صحت اور ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی انسداد ڈینگی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ خاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے بارے میں مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور انسداد ڈینگی کے لئے وضع کردہ طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔ مزید برآں شہباز شریف نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سانحہ منیٰ میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بھانجے اسد مرتضیٰ گیلانی اور دیگر پاکستانی حجاج کرام کی شہادت پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور غمزدہ خاندانوں کو صبرجمیل دے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عید کی چھٹیاں مصروف گزاریں اور وہ سرکاری امور بھی نمٹاتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے رائے ونڈ میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو صوبے میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں اور کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے وضع کردہ ضابطے پرسختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ لاہور سمیت صوبہ بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرتے رہے۔