• news

دہشت گردوں کو سرحد پار ٹھکانے بنانے، مداخلت سے روکنے کے لئے ہر سطح پر کام کرنا ہو گا: آرمی چیف

پشاور (اے پی پی/ نیٹ نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عیدالاضحٰی خیبر ایجنسی میں فوجیوں کے ساتھ منائی۔ آئی ایس پی آر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اس کی تصدیق کی۔ آرمی چیف نے عید کی نماز بھی خیبر ایجنسی میں ہی پاک فوج کے اہلکاروں کے ساتھ ادا کی۔ جنرل راحیل شریف کو اس موقع پر خطے میں جاری آپریشن پر بریفنگ دی گئی اور انہوں نے فوجیوں کی قربانیوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے اس موقع پر کہا ’’پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ ہے اور ہم تمام دشمنوں کو شکست دیں گے چاہے غیر ملکی ہوں یا مقامی‘‘۔ آرمی چیف نے مزید کہا پوری قوم کو پاکستان کے دشمنوں کی کسی بھی سرگرمی کو روکنے کیلئے متحد ہو جانا چاہئے۔ جنرل راحیل شریف نے زور دیا دہشت گردوں کو سرحد کے ساتھ اپنے ٹھکانے قائم کرنے اور پاکستان میں در اندازی سے روکنے کی ضرورت ہے۔ اے پی پی کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کی پشت پر ہے، پاکستان کو دہشت گردی کا اندرونی و بیرونی طور پر ارتکاب کرنے والوں کو شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا دشمنوں کی طرف سے کسی بھی منظم سرگرمی کو روکنے اوردشمن کو کوئی بھی موقع نہ دینے کیلئے ہمیں مجموعی قومی ردعمل پر پوری توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے دہشتگردوں کو سرحد پار ٹھکانے بنانے اور پاکستان میں مداخلت سے روکنے کیلئے تمام سطحوں پرکام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا ہمیں عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔ انہوں نے مادر وطن کے دفاع کی عظیم ذمہ داری سرانجام دیتے ہوئے اپنے فرائض کی بجاآوری میں عید گزارنے والے ہر جوان کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاک فوج کے سربراہ کو آپریشن کمانڈر نے آپریشن ضرب عضب کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے آپریشن میں اب تک کی کامیابیوں پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہارکیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے آپریشن ضرب عضب میں ان کی حاصل کی گئی بے مثال کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جوانوں کے ساتھ عید کی مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن