سلامتی کونسل سمیت اقوام متحدہ کے تمام اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے: مودی
نیویارک(اے این این) بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا اعتبار برقرار رکھنے کے لیے اس میں تبدیلی ضروری ہے۔ اقوام متحدہ میں پائیدار ترقی پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ سلامتی کونسل سمیت اقوام متحدہ کے تمام اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصفانہ نظام اور پائیدار ترقی کے لیے دنیا بھر سے غربت کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ترقی کا جو راستہ اختیار کیا ہے وہ اقوام متحدہ کی طے کردہ سمتوں سے مطابقت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا پوری دنیا ایک دوسرے سے منسلک ہے، ایک دوسرے پر منحصر ہے اور ایک دوسرے سے متعلق ہے۔ اس لیے ہماری بین الاقوامی شراکت کو بھی تمام انسانیت کی فلاح و بہبود کو اپنے مرکز میں رکھنا ہو گا۔ماحولیات کی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ ہی ماحولیات کے انصاف کی بات بھی ہونی چاہیے۔