• news

عیدالاضحیٰ ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

لاہور + اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + خبر نگار + وقائع نگار خصوصی) ملک بھر میں جمعتہ المبارک کے روز عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، عید کی نماز مساجد کے علاوہ عیدگاہوں میں بھی ادا کی گئی اور ان اجتماعات میں ملکی ترقی و سلامتی اور مسلم اْمہ کے اتحاد کے لئے دعائیں مانگی گئیں جبکہ کراچی میں قیام امن اور ملک کو درپیش دہشت گردی کے عفریت سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، خطیب حضرات نے نماز عید کے اجتماعات میں عید الاضحی کی اہمیت اور فلفسہ قربانی پر تفصیلی اظہار خیال کیا، جس کے بعد فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور وں کی قربانی دی۔ صوبائی دارالحکومت میں نماز عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، جامع مسجد منصورہ، قذافی سٹیڈیم، مسجد وزیر خان، جامعہ اشرفیہ، جامعتہ المنتظر، جامعہ نعیمیہ، مسجد دار الاسلام باغ جناح، ریس کورس پارک، مینار پاکستان، مسجد شہدا، جامعہ رحمانیہ، جامعہ غوثیہ رضویہ گلبرگ، فردوس مارکیٹ و دیگر مقامات میں ہوئے، جانوروںکی قربانی کا سلسلہ عید کے تیسرے روز تک دوپہر تک جاری رہا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کراچی میں نماز عید ادا کی۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے گورنر ہاؤس ہی میں نماز پڑھی۔ وہ گورنر ہاؤس میں ڈیوٹی پر تعینات سرکاری ملازمین سے عید بھی ملے۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف اور میاں حمزہ شہباز نے رائے ونڈ جاتی عمرہ رہائش گاہ کے اندر نماز عید ادا کی اور اس موقع پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مرزا محمد جاوید‘ قمر الزمان‘ عبدالرشید خاں‘ محبوب عالم سلہری سمیت سینکڑوں افراد نے ان سے عید ملی۔ اجتماع سیاسی جلسہ کی شکل اختیار کر گیا۔ علاوہ ازیں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سانحہ منیٰ کی وجہ سے مجموعی طور ماحول سوگوار رہا۔ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کا بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد میں ہوا۔ صدر مملکت نے کراچی میں ہی عید کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر پاکستان اور امت مسلمہ کی خوشحالی‘ ترقی‘ ملک میں امن و امان کے قیام اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں عید کی نماز ادا کی۔ سردار ایاز صادق نے جامعہ نعیمیہ میں نماز پڑھی۔ سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے شاہی عیدگاہ اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے درگاہ بہاؤالدین زکریا میں عید کی نماز ادا کی۔ مزید برآں گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے عیدالاضحیٰ کی نماز گورنر ہاؤس لاہور کی جامعہ مسجد میں ادا کی جہاں پر گورنر ہاؤس کا سٹاف اور عام لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے حجاج کرام بالخصوص پاکستانی شہداء کے بلند درجات کیلئے خاص طور پر دعا مانگی گئی۔ گورنر پنجاب نے مکہ مکرمہ میں منیٰ کے مقام پر ہونے والے حادثے کے نتیجے میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بھانجے اسد مرتضیٰ گیلانی سمیت دو سو سے زائد پاکستانیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق شہر اقتدار میں اس بار عید کے موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے علاوہ کوئی اہم لیڈر موجود نہ تھا۔ وزیراعظم نوازشریف کے امریکہ کے دورے پر ہونے کے باعث وزراء اور ارکان اسمبلی نے اپنے علاقوں میں عید منائی۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں عید منائی۔

ای پیپر-دی نیشن