مودی کی موجودگی میں پاکستان بھارت کھیلوں کے مقابلے ممکن نہیں : خالد محمود
لاہور(چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا کہ بھارت کے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ہوتے ہوئے پاکستان بھارت کے درمیان کسی بھی سطح کے مقابلوں کا انعقاد ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کی طرف دیکھے بغیر اپنی کرکٹ کو اتنا مضبوط کر لینا چاہیے کہ بھارت خود پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہوئے جائے۔ بگ تھری پر بھارتی تسلط ہونے کی بنا پر راجیو شکلا پاکستان کو دھمکا رہے ہیں۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہ ماضی میں اسی بنا پر بگ تھری کی مخالفت کی تھی کہ بعد میں بھارت اس کا فائدہ اٹھائے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان چھ سال میں آٹھ سیریز کے دعوے کہاں گئے۔ بھارت کی موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے ایسا سوچنا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کا انعقاد ہو جائے گا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ بی جے پی کا ماضی میں بھی پاکستان کے خلاف کردار سب کو پتہ ہے اس پر کسی طرح یقین نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات کا دعویٰ کرتا رہا ہے کہ اس کا بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ ایم او یو سائن ہو چکا ہے۔ اس وقت کہا تھا کہ اس ایم او یو کی اس وقت تک کوئی حیثیت نہیں ہے جب تک پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت سے بنک گارنٹی نہیں لیتا۔ اگر آج پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسا کیا ہوتا تو آج اسے مالی فائدہ ہوتا۔ پی سی بی اعلٰی حکام کو اب بھارت کی جانب دیکھنے کی بجائے اپنی کرکٹ کو ہر سطح پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلی پاکستان سپر لیگ پر پی سی بی کا بہت زیادہ پیسہ خرچ ہونے جا رہا ہے اﷲ سے دعا ہے کہ یہ لیگ کامیاب ہو جائے۔ اگر یہ کامیاب ہو گئی تو پاکستان کو بھارت پر انحصار بھی نہیں کرنا پڑے گا۔