بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم 10 روزہ دورے پر آج شام کراچی پہنچے گی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم دس روزہ دورہ پر آج شام کراچی پہنچے گی۔ 2009ءمیں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پہلی ویمن کرکٹ ٹیم ہے جو پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹونٹی اور دو ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے دو ٹی ٹونٹی میچز 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ پہلا ون ڈے 4 اکتوبر اور دوسرا 6 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔ مہمان ٹیم 7 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔ بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں حصہ لینے والے قومی ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ثنا میر کی قیادت میں کراچی میں ہی جاری ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ویمن ٹیم کو پاکستان بھجوانے سے قبل سیکورٹی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے دو رکنی سکیورٹی وفد پاکستان بجھوایا تھا جس نے کراچی اور لاہور کے سنٹرز کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو جمع کرائی تھی جس کی روشنی میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیریز کے چاروں میچ کراچی میں کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے اپنی 15 رکنی ٹیم کا گذشتہ ہفتے اعلان کر دیا تھا۔ مہمان ٹیم کی آمد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایک اور کامیاب کوشش رہی ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کا درجہ رکھنے والے زمبابوے ٹیم کو پاکستان بلایا تھا۔