• news

عید کی چھٹیوں میں بھی لوڈشیڈنگ‘ لوگوں کو مشکلات‘ نارنگ منڈی میں مظاہرہ

لاہور (نامہ نگاران) عید کی چھٹیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے اور عید کی چھٹیوں کے دوران بھی کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ کی گئی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا رہا۔ نارنگ منڈی میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور لوگ سینہ کوبی کرتے رہے جبکہ قصور میں گیس کی بندش کے خلاف سینکڑوں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ اٹھارہ ہزاری سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کی جانب سے عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، فیسکو سب ڈویژن اٹھارہ ہزاری میں ماڑی سخیرہ فیڈر سے منسلک متعدد علاقوں میں ہر گھنٹے بعد بجلی بند ہوتی رہی جس سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سراپا احتجاج بنے رہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق حکومتی اعلانات کے برعکس عید الاضحی کے موقع پر عید کے تینوں روز بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، ہر ایک گھنٹے کے بعد دو دو گھنٹے لگاتار بجلی بند رہنے کے باعث شہریوں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے۔ قصبہ نور کوٹ میں 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی اسی طرح شکرگڑھ شہر سمیت تحصیل بھر میں گھنٹوں بجلی غائب رہی۔ شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور وہ سراپا احتجاج بنے رہے۔ ملک وال سے نامہ نگار کے مطابق عید کے تینوں ایام ہی ٹرپنگ کے نام پر بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق حکومت کی واضح ہدایات کے باوجود نارنگ منڈی کے گردو نواح عیدالاضحی کے دوران بھی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو رلا دیا جبکہ نارنگ منڈی شہر میں صدر بازار اور محلہ مظفرآباد میں ٹرانسفارمر جل جانے سے عوام کو شدید پریشانی اٹھانا پڑی لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے اور عیدکی تیاری بھی نہ کرسکے۔ لوگوں نے حکومت کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا اور عیدکے روز مشتعل عوام واپڈا کے خلاف سینہ کوبی کرتے رہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومتی احکامات ہوا میں اڑانے پر حکومت سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ قصور سے نامہ نگار اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر قصور شہر کے مختلف حصوں میں گیس کی فراہمی نہ ہونے پر جماعت پورہ، کوٹ سلامت پورہ، ریلوے روڈ، کوٹ حلیم خاں، نیا بازار، قصور کے مکین سڑکوں پر نکل آئے اور چاندنی چوک میں ٹائر جلا کر سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا۔ دو گھنٹے تک احتجاجیوں نے سڑک پر سوئی گیس کے عملہ کے رویے کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ احتجاجی شرکاءنے اس موقع پر سینہ کوبی کی۔

ای پیپر-دی نیشن