• news

مالاکنڈ: ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ‘ ایک شخص جاں بحق‘ بلوچستان: 13 دہشت گرد گرفتار

مالاکنڈ ایجنسی + کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) مالاکنڈ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے جبکہ فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے نے پنجگور‘ سوئی اور گوادر میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 ٹھکانے تباہ کر دیئے جبکہ13 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے پنجگور کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشین کے دوران ان کے 3 ٹھکانوں کو تباہ کرکے وہاں سے اسلحہ قبضے میں لے لیا جبکہ سوئی اور گوادر میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں 13 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ادھر لیویز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا۔ لیویز کے مطابق قلات کے علاقے خالق آباد کے علاقے سورج مندزئی میں لیویز نے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔ لیویز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور علی اکبر ہلاک ہو گیا۔ قلات کے علاقے میں معمولی تکرار پر فائرنگ سے ایک شخص کبیر ہلاک ہو گیا۔ علاوہ ازیں تربت کے علاقے کسر میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص نجیب اللہ کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ماجد ابڑو کے قافلے پر آب گم کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی‘ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ماجد ابڑو کوئٹہ سے اپنے آبائی علاقے ڈیرہ مراد جمالی جا رہے تھے کہ آب گم اور بی بی نانی کے قریب نامعلوم افراد نے ان کی گاڑیوں پر اچانک فائرنگ کر دی جس سے ان کے سکواڈ میں شامل گاڑی کو نقصان پہنچا‘ تاہم وہ معجزانہ طورپر محفوظ رہے۔ علاوہ ازیں تفقان بارڈر پرگزشتہ روز ایرانی سکیورٹی فورسز نے گرفتار 80 پاکستانی باشندوں کو لیویز کے حوالے کر دیا۔ یہ افراد ایران کے راستے یورپی ممالک جانا چاہتے ہیں۔ادھر مالاکنڈ ایجنسی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پلیٹی بازدرہ میں 7 سالہ بچہ باہر سے لائے ریموٹ کنٹرول بم سے کھیل رہا تھا کہ بم پھٹ گیا۔ دھماکے میں بچے کا باپ جاں بحق اور ماں سمیت 3 زخمی ہوگئے۔ بچے کو کھلونا نما بم قریبی پہاڑیوں سے ملا تھا۔ ادھر چمن میں پولیس نے ہندو تاجر سنتوش کمار کو بازیاب کرا لیا۔ ڈی پی او اسد خان نے بتایا کہ کئی اغوا کار گرفتار کر لئے۔ سنتوش کمارکو دس روز قبل گھر کے سامنے سے اغوا کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں ایف سی اور حساس ادارے نے لورالائی، سوئی میں کارروائی میں 20 آر پی جی، سات راکٹ، فیوز برآمد کر لئے سوئی میں کالعدم تنظیم کے دو افراد کو گرفتار کر کے تفتیش جاری ہے۔

بم دھماکے/ ایک جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن