• news

محکمہ ہائی وے: زمین کی خریداری میں کروڑوں کی خورد برد، تحقیقات شروع

لاہور (میاں علی افضل سے) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے محکمہ ہائی وے میں زمین کی خریداری کے دوران پونے 2کروڑ روپے سے زائد کی خورد بردکا کیس نیب کو بھجوا دیا ہے جس پر نیب نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ملزموں کیخلاف اینٹی کرپشن میں انکوائری مکمل ہونے پر مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔ ملزموں میں سب انجنئیر، ایس ڈی اوز اور کنٹریکٹر شامل ہیں۔ بڑے پیمانے پر قومی پیسے کی لوٹ مار کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا امکان ہے۔ نیب کو کیس بھجوانے سے قبل ملزموں کیخلاف اینٹی کرپشن حافظ آباد اور اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی مشترکہ ٹیم نے تحقیقات کیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے زمین کی خریداری میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی کرپشن پر ڈسٹرکٹ حافظ آباد کے رہائشیوں چودھری محمد زمان، چودھری قمر چٹھہ وغیرہ نے اینٹی کرپشن میں درخواست دی درخواست میں کہا گیا محکمہ ہائی وے کے سب انجینئر محمد افضل چٹھہ، ایس ڈی او بابر سلطان، ایس ڈی او اعجاز احمد چیمہ، کنٹریکٹرکاشف عمر نے ملی بھگت سے زمین کی خریداری میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے۔ اینٹی کرپشن حافظ آباد اور گوجرانوالہ کے افسران نے خریدی گئی زمین کا معائنہ کیا اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور تحقیقات مکمل ہونے پر 1کروڑ 75لاکھ 49ہزار 342روپے کی خورد برد کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوائی۔

خورد برد

ای پیپر-دی نیشن