نیویارک: ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسیس کے رکن ممالک کا اجلاس
اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ’’ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسیس‘‘ کے رکن ممالک کے سینئر حکام نے اجلاس کیا۔ 2011ء میں یہ عمل شروع ہونے کے بعد اس سطح پر پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ میزبانی میں یہ 12 واں اجلاس تھا۔ اس اجلاس کا ایجنڈا اعلان اسلام آباد کے مسودہ پر غورکرنا تھا جو 7‘8 دسمبر 2015ء کو اسلام آباد میں 5 ویں ہارٹ آف ایشیا وزارتی اجلاس میں منظور کیا جائے گا۔ خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری اور افغان نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے اپنے اپنے ملک کی جانب سے تقریب کی مشترکہ میزبانی کی۔ ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسیس کے رکن ممالک میں افغانستان‘ آذربائیجان‘ چین‘ بھارت‘ ایران‘ قزاخستان‘ کرغزستان‘ پاکستان‘روس‘ سعودی عرب‘ تاجکستان‘ ترکی‘ ترکمانستان اور یو اے ای شامل ہیں‘ 12 معاون ممالک میں آسٹریلیا ‘ کینیڈا‘ ڈنمارک‘ مصر‘ فن لینڈ‘ فرانس‘ جرمنی‘ اٹلی‘ عراق‘ جاپان‘ ناروے‘ پولینڈ‘ سپین‘ سویڈن‘ برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔