• news

منیٰ حادثہ کے بعد ایرانی سابق سفیر کے لاپتہ اور زخمی ہونے کی متضاد اطلاعات

ریاض (صباح نیوز) سعودی ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ لبنان میں تعینات ایران کے سابق سفیر غضنفر رکن عابدی کا نام اس سال حج کے لئے آنے والے افراد کی فہرست میں نہیں ملا۔اگر ان کی حاجیوں کے ہمراہ موجودگی کی تصدیق ہو گئی تو امکانی طور پر سفیر کسی نامعلوم طریقے سے مملکت آئے ہوں اسی وجہ سے ان کا نام حجاج کی آمد لسٹ میں شامل نہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لبنان میں ایران کے سابق سفیر غضنفر رکن عابدی کی منٰی میں ہونے والی بھگڈر میں لاپتہ ہونے سے متعلق متضاد خبریں آرہی ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق وہ بھگڈر میں زخمی ہوئے جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق وہ اسوقت سے لاپتہ ہیں۔ تہران میں سرکاری حکام اور سفیر کے اہل خانہ اس امر کی تصدیق کر رہے ہیں کہ غضنفر عابدی ایرانی حاجیوں کے دستے میں شامل تھے۔ لاپتہ سفیر کے بھائی مرتضی عابدی نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کی شام سے ہم اپنے بھائی سے رابطے کی کوشش میں ہیں لیکن ہمارا ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے سابق سفارتکار کے بارے میں سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ای پیپر-دی نیشن