نیپرا نے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں رعایت ختم کرنے کی سفارش کر دی
اسلام آ باد(آ ئی این پی) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حکومت سے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت پر دی جانے والی رعایت کو ختم کرنے کی سفارش کردی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے سفارشات کو مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کیلئے اپنی سالانہ رپورٹ 2014-15 میں شامل کر لیا ہے۔ ایک چھوٹی معیشت ہونے کے ناطے پاکستان کی توانائی کا شعبہ بین الاقوا می طور پر غیر مستحکم تیل کی قیمتوں کے باعث پیدا ہونے والی تبدیلیوں اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کمزور ہے جبکہ دوسری جانب پاکستانی معیشت ٹیکنالوجی کے حوالے سے توانائی کے میدان میں عالمی سطح پر ہونے والی پیشرفت سے ہم آہنگ ہے۔ چیئرمین نیپرا طارق سدزئی کے مطابق موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر توانائی کے شعبے میں موجودہ قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے۔ قوانین کا بنیادی مقصد شفافیت کے ساتھ کم لاگت میں خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ٹیرف کے تعین میں موجود خلاء کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صرف غریب صارفین کو رعایت مہیا ہو سکے۔ بجلی کی طلب اور پیداوار کے درمیان شارٹ فال کو جعلی اور اس سلسلے میں لوڈ شیڈنگ کو بھی حکام کی جان بوجھ کر کارروائی قرار دیا ہے۔ نیپرا کی سالانہ رپورٹ برائے 2014-15ء کے مطابق کارکردگی کی بنیاد پر آئیسکو پہلے اور کے الیکٹرک دوسرے نمبر پر ہے۔ گیپکو تیسرے، کیسکو چوتھے، فیسکو پانچویں، میپکو چھٹے، حیسکو ساتویں، لیسکو آٹھویں، پیسکو نوویں جبکہ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی دسویں نمبر پر ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بجلی کے بلوں کے حوالے سے سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کا نیا میٹر سسٹم بھی ناکارہ ہے اور 70 فیصد صارفین کو درست بل نہیں دیئے جاتے۔رپورٹ میں وزارت پانی و بجلی کی کارکردگی ناقص قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال اور لوڈ شیڈنگ جان بوجھ کر کی جاتی رہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس کی انتظامیہ نے مشینوں اور پاور یونٹس کو جان بوجھ کر بند رکھا۔