پاکستان میں جزوی‘ کئی ممالک میں مکمل چاند گرہن اور بلڈ مون اکٹھا دیکھا گیا
کراچی(آئی این پی ) پاکستان میں جزوی چاند گرہن ہوا جسے کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دیکھا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح 5 بج کر 12 منٹ پر پاکستان میں جزوی چاند گرہن ہوا جو صبح 10 بجکر 23 منٹ پر ختم ہوا جسے کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ایشیا، افریقہ، یورپ اور امریکہ میں مکمل چاند گرہن دیکھا گیا ہے ، کئی ممالک میں آسمان پر ایک ایسا چاند نمودار ہوا جو نہ صرف معمول سے بڑا تھا بلکہ اس کا رنگ بھی تانبے جیسا تھا، چاند کو گرہن لگنے کے ساتھ ساتھ اس مرتبہ اسکے ساتھ ایک اور سماوی مظہر بھی ہوا جسے سپر مون کہتے ہیں، اس قدرتی منظر کے لیے ضروری ہے کہ نہ صرف چاند کا زمین سے فاصلہ کم سے کم ہو بلکہ چاند پورا بھی ہو۔امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے کہا ہے کہ سپر مون اور چاند گرہن آخری بار 1982 میں اکٹھے ہوئے تھے اور ایسا اب 2033میں ہو گا۔یہ اس برس کا دوسرا مکمل چاند گرہن تھا جسے2008کے بعد پہلی مرتبہ برطانیہ میں بھی دیکھا گیا۔اس بار مکمل چاند گرہن کے دوران چاند تانبے کے رنگ کا نظر آرہا تھا جس کی وجہ سے اس کا نام بلڈ مون پڑ گیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زمین کی فضا نیلگوں روشنی کو سرخ کی نسبت زیادہ طاقت سے بکھیرتی ہے جبکہ اس بار فضا نے نیلے کے بجائے تانبے کے رنگ کی روشنی بکھیری۔ یہی وجہ ہے کہ چاند کی سطح تک پہنچنے والی روشنی نیلی نہیں بلکہ تانبے کے رنگ کی دکھائی دے رہی تھی۔اس گرہن کے دوران چاند حوت کے اندر واقع ستاروں کے جھرمٹ میں تھا۔مکمل چاند گرہن میں زمین، سورج اور چاند اپنے مدار میں رہتے ہوئے سیدھی لکیر میں آ جاتے ہیں اور چاند، سورج سے زمین کے مخالف جانب آ جاتا ہے۔