فیصل آباد، سرگودھا، پسرور ،چیچہ وطنی: 3 خواتین کی خودکشی، 7 افراد ہسپتال داخل
فیصل آباد+ سرگودھا+ پسرور + چیچہ وطنی(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) گھریلو ناچاقی اور جھگڑوں پر 6 خواتین سمیت 9 افراد نے زہر نگل لیا جن میں سے 2 خواتین دم توڑ گئی جبکہ دیگر کی جان بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مدینہ ٹاؤن کے علاقہ محلہ یوسف آباد کی 38سالہ پروین نے زہریلی گولیاں کھا لیں۔ خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ چل بسی۔ دیگر زہر کھانے والوں میں ربانی کالونی کی ثنائ، 67ج۔ب سدھار کی ثوبیہ، جھنگ بازار کی اقرائ، ستیانہ روڈ کے نبیل، علامہ اقبال کالونی کے علمدار ضیاء اور 72گ۔ب کے بشارت کی جان بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سرگودھا میں موضع سہاگہ کی عابدہ بی بی نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ حالت خراب ہونے پر اسے طبی امداد کے لئے ہسپتال لایا گیا جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث فیصل آباد ریفر کر دیا گیا جبکہ پسرور کے نواحی گائوں لنگے میں 3بچوں کی ماں یاسمین نے گھریلو حالات سے تنگ آکر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ دوسری طرف خاتون کے بھائیوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بہن کو زبردستی گندم میں رکھنے والی گولیاں کھلائی گئی ہیں۔ چیچہ وطنی کے محلہ حیات آباد کی زہرہ بتول کا اپنے خاوند سے کسی بات پر جھگڑا ہوگیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے گلے میں پھندا لیکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔