کشمیر اصل ایشو، بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا، سابق چیف ’’را‘‘
نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے سابق چیف امرجیت سنگھ دولت نے اعتراف کیا ہے کہ کشمیر ہی اصل ایشو اور مشرف کا چار نکاتی فارمولا ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے ، بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑیگا۔ نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں امرجیت سنگھ دولت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر مذاکرات نا مکمل ہیں اور جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا پاکستان بھارت مذاکرات بے سود ہیں۔ را کے سابق چیف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مشرف فارمولے پر 90فیصد کشمیری خوش تھے، نریندر مودی کو میز پر آنا پڑے گا اور اختلافات دور کرنے پڑینگے، مودی کو چاہیے کہ مسئلے کو وہاں لے کر آئیں جہاں واجپائی لے کر گئے تھے۔ امر جیت سنگھ دولت نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر ایک اہم مسئلہ ہے، کشمیر کے معاملے پر ہم سے بہت غلطیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کا ایجنڈا مسئلہ کشمیر سے ہٹ کر ہے جبکہ نریندر مودی کے خلاف بھارت میں مسلمانوں میں نفرت پائی جاتی ہے۔کشمیریوں سے بھارتی حکومت نے ناروا سلوک روا رکھا ہے، یہی وجہ ہے وہ اب بھارت کیساتھ نہیں رہنا چاہتا۔