• news

متحدہ عرب امارات نے 90دن کے وزٹ ویزے کیلئے آن لائن سہولت متعارف کرادی

دبئی سٹی (آئی این پی ) متحدہ عراب امارات نے 90دن کے وزٹ ویزے کیلئے آن لائن درخواست دینے کی سہولت متعارف کرادی، وزارت داخلہ نے کہاہے کہ انٹری پرمٹ رکھنے والے شخص کو محدود وقت کیلئے ملک داخلے کی اجازت ہے اور یہ ایک یا کئی مرتبہ ملک داخلے کیلئے قابل استعمال ہے۔عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے عوام کو90دن کیلئے انٹری پرمٹ سے متعلق آگاہ کیاہے جسے وزٹ ویزابھی کہاجاتاہے، انفرادی طورپر کوئی بھی شخص وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر موجود ’’ای سروس‘‘سے تین ماہ کے وزٹ ویزے کیلئے اپلائی کرسکتاہے۔’’ای سروس‘‘ کا استعمال کرتے ہوئے 90 دن کیلئے سنگل انٹری وزٹ ویزے کے لیے درخواست گزار کو ’ای فارم‘ پر کرنا اور کفیل کے پاسپورٹ یا شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی دینا ہوگی تاہم ان کی معیاد چھ ماہ سے کم نہ ہو۔پرائیویٹ سیکٹر کی کفالت میں درخواست دینے والوں کیلئے لائسنس اور ای گیٹ کارڈکی بھی ضرورت ہوگی، اگر کفیل خاندان کا رکن یا رہائشی ہے تو ای فارم کیساتھ شادی سرٹیفکیٹ، برتھ سرٹیفکیٹ،کرایہ داری معاہدہ یا بجلی کے بل کی کاپی لگائیں، ہیلتھ انشورنس کی یقین دہانی کیلئے ایک ہزار درہم کا بینک سکیورٹی ڈپوزٹ بھی ہوناچاہیے۔حکام کاکہناتھاکہ یہ اقدام وقت بچانے، صارفین کی سہولت اور انفرادی طورپر امارات کے وزٹ ویزے کیلئے اپلائی کرنے میں طریقہ کار کو سادہ بنانے کیلئے کیاگیا اور اس کیلئے ایک موبائل ایپ بھی موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن