پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کا فیصلہ آئی سی سی اجلاس میں ہو گا :شہریار خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کا فیصلہ آئی سی سی کے 9 سے 13 اکتوبر تک ہونے والے اجلاس میں ہونے کی توقع ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو لکھے گئے خط کا جواب موصول ہو گیا ہے جس میں سیکرٹری بی سی سی آئی انوراد ٹھاکر کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے معاملات پر آئی سی سی اجلاس میں بات کی جائے گی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بگ تھری کی حمایت کا پاکستان کرکٹ بورڈ کو بڑا فائدہ ہوا ہے جس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز اور بھارت کے ساتھ 6 سال میں آٹھ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے ایم او یو بھی سائن ہوا تھا۔ بھارت اگر اس پر عمل نہیں کرتا تو اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ ہی بہتر بتا سکتا ہے۔ آئی سی سی اجلاس میں اگر پاکستان بھارت سیریز کے انعقاد کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل نہ دی جا سکی تو وزیر اعظم اور وزارت خارجہ کی سطح پر معاملہ کو اٹھائیں گے۔ میں اب بھی پرامید ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان حالات معمول پر آتے ہی سیریز کا انعقاد ہو جائے گا۔ شہریار خان آج بھارت روانہ ہونگے۔ اپنے دورہ بھارت کے دوران بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے آنجہانی صدر جگ موہن ڈالمیا کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرینگے۔