4 خودکشیاں: طلاق سے دلبرداشتہ نجی بنک کی ملازم لڑکی نے مبینہ طور پر خود کو گولی مارلی
لاہور (نامہ نگار+ نمائندگان)مختلف واقعات میں محنت کش سمیت شادی شدہ سمیت دو لڑکیوں اور نوجوان نے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا میں النور ٹائون والٹن روڈ کے رزاق کی 26 سالہ بیٹی ایم بی اے پاس نبیلہ نجی بنک میں ملازمت کرتی تھی۔ اسکی 11 ماہ قبل عابد نامی شخص سے شادی ہوئی اور دو ماہ کے بچے کی ماں تھی۔ نبیلہ کا اپنے خاوند کے ساتھ اکثر جھگڑا رہتا تھا جس پر عابد نے تقریباً ایک ماہ قبل اسے طلاق دیدی تھی جس سے دلبرداشتہ ہو کر گزشتہ روز نبیلہ نے اپنے باپ کے لائسنسی پستول سے خود کو کنپٹی پر گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ فیصل آباد میں سمندری کے محنت کش شاہد نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ ٹوبہ کے چک نمبر 327ج ب کے محمد یاسین کے جوان بیٹے یاسر نے مبینہ گھریلو ناچاقی پر فیصل آباد سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس کے آگے کود کر خودکشی کرلی۔ فیصل آباد کے نواحی گاؤں چک 385ر۔ب کی 15 سالہ بیٹی نورین نے گزشتہ روز گھر میں ہونے والے جھگڑے پر ماں باپ کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔