پاکستان ناروے کیساتھ تجارتی، معاشی شعبوں میںطویل مدتی تعلقات کا خواہاں ہے: ممنون حسین
اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ناروے کے ساتھ تمام شعبوں خصوصاً تجارتی، معاشی اور ثقافتی شعبوں میں وسیع البنیاد ، ٹھوس اور طویل مدتی تعلقات کا خواہش مند ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے یہ بات ناروے کے لیے پاکستان کی نامزد سفیر رفعت مسعود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کے عہد سفارتکاری میں دونوں ملکوں کے تعلقات نئی جہد کو چھوئیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معاشی اصلاحات کا ایجنڈا سفارتی سطح پر بھی اجاگر کرنے کے لیے کوششیں کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ ناروے کی کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کی کوششیں کی جائیں۔