ورکنگ بائونڈری پر باڑ کی تعمیر نہیں کی جا رہی، پاکستان کی تشویش بے بنیاد ہے: بھارت
جموں (اے این این) بھارت نے پاکستان کی طرف سے معاملہ اقوام متحدہ میں لے جانے کے بعد ورکنگ باؤنڈری پر دیوارکی تعمیرکامنصوبہ ترک کردیا اوراس نے سبکی سے بچنے کے لئے ایسے کسی منصوبے کے زیرغورہونے کی تردیدکرتے ہوئے پاکستان کے خدشات کوبے بنیادقراردے دیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق بھارتی سرحدی فورس (بی ایس ایف) کے انسپکٹر جنرل راکیش شرما نے کہاہے کہ ورکنگ باؤنڈری پر دیوار تعمیر کرنے کی باتیں درست نہیں۔ ہماری جانب سے ایساکوئی اقدام نہیں کیاجارہا چنانچہ اس حوالے سے پاکستان کی تشویش بے بنیاد ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ ایسی باتیں کرکے ابہام پھیلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن پرخاردار تار پہلے سے موجود ہے جس کی درستگی کا کام گاہے بگاہے ہوتا رہتا ہے۔