تعلیم یافتہ اور باصلاحیت قیادت ہی عوامی مسائل کو حل کر سکتی ہے: عثمان وٹو
لاہور (خبر نگار) یونین کونسل 109مرغزار سے جماعت اسلامی کے چیئرمین کے امیدوار میاں عثمان وٹو نے کہا ہے کہ ایک تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان قیادت ہی عوامی مسائل کو حل کر سکتی ہے۔ جماعت اسلامی نے میاں ظہور وٹو کی قیادت میں 2001ء سے 2009ء تک اس یونین کونسل میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے آج پھر اسلامی پاکستان، خوشحال پاکستان کا ایجنڈا اور نعرہ لے کر میدان میں اترے ہیں۔ وہ منصورہ بازار میں مرکزی انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے عزت دی اور عوام نے اعتماد کیا تو انشاء اللہ عوام کی تقدیر بدل دیں گے۔ علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دینگے۔ وائس چیئرمین کے امیدوار محمد شفیق ملک نے کہا کہ اس یونین کونسل کے تین بڑے مسائل ہیں۔ ٹوٹی سڑکیں خراب سیوریج اور پینے کا صاف پانی۔ ان تینوں مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔