اقوام متحدہ میں پہلی بار فلسطینی پرچم لہرایا گیا‘یہ فخر کا دن ہے اسرائیل قیام امن کی امریکی کوششیں سبوتاژ کر رہا ہے: محمود عباس
اقوام متحدہ (اے ایف پی) اقوام متحدہ میں پہلی بار فلسطین کا پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ فلسطین کو مکمل رکنیت دی جائے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون اور محمود عباس نے روز گارڈن میں ہونے والی ایک بھرپور تقریب کی مشترکہ صدارت کی۔ محمود عباس نے کہاکہ آج ہمارے لئے فخر کا دن ہے۔ یہ پرچم ہماری شناخت ہے۔ انہوں نے فلسطینی علاقے پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضہ کو سخت ہدف تنقید بنایا۔ سرخ، سیاہ، سفید اور سبز رنگوں پر مشتمل یہ پرچم جب لہرایا گیا تو اس موقع پر اس بات پر خوشی کا اظہار کیا گیا کہ بادل چھائے تھے اور اس کے ساتھ چلنے والی ہوا سے پرچم لہرانے لگا۔ مغربی کنارے کے علاقے رملہ میں درجنوں افراد نے ٹی وی پر یہ تقریب دیکھی جنرل اسمبلی سے خطاب میں محمود عباس نے کہاکہ اسرائیل قیام امن کے لئے امریکی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے، مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مذہبی جنگ میں بدل سکتی ہیں۔