• news

سیاستدانوں نے کرپشن کی‘ سول‘ فوجی بیورو کریسی بھی صاف نہیں‘ احتساب سب کا ہونا چاہئے: رضا ربانی

کراچی (سٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ کوئی مقدس گائے نہیں، سب کا احتساب ہونا چاہیے، مانتا ہوں سیاستدانوں نے کرپشن کی ہے مگر سول اور ملٹری بیورو کریسی بھی صاف اور شفاف نہیں، وفاقی اردو یونیورسٹی میں کل سندھ مباحثہ سے خطاب، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مانتا ہوں سیاستدانوں اور کارکنوں نے بھی کرپشن کی ہے میں ان کا دفاع نہیں کرتا، احتساب بلاتفریق ہونا چاہئے۔ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے، اب یہ نہیں چلے گا کہ سیاسی سوچ والوں کے لیے سپیشل کورٹس بنائی جائیں، خصوصی عدالتیں ضرور بنائیں میں ساتھ کھڑا ہونگا لیکن پھر احتساب سب کے لیے ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ آج جو بھی لولی لنگڑی جمہوریت نصیب ہے وہ سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ رضا ربانی نے ملکی تاریخ مرتب کرنے کے لیے کمشن بنانے کا مطالبہ کیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ اب یہ نہیں چلے گا کہ صرف سیاسی سوچ والوں کیلئے سپیشل کورٹس بنائی جائیں، کیا دوسرے دودھ کے دھلے ہیں؟ جو لوگوں کا احتساب کرتے ہیں ان کا احتساب کون کرے گا، آج کے نصاب سے پاکستان کی تاریخ کوحذف کر دیا گیا ہے، نوجوان ملک کی حقیقی تاریخ سے ناواقف ہیں، ملکی تاریخ مرتب کرنے کیلئے کمشن بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آج کرپشن کرنے والوں کے احتساب کی باتیں ہورہی ہیں مانتا ہوں ہماری جماعت میں بھی کرپٹ لوگ موجود ہیں، ان کا دفاع نہیں کرتا۔ تمام طبقوں کے احتساب کے لیے خصوصی عدالتیں بنائی جائیں ۔کرپشن کا خاتمہ قانون کے دائرے میں رہ کرکرنے کی ضرورت ہے۔ نیب کے قانون کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ نیب کے احتساب کے لیے سول سوسائٹی، اہل دانش پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ ماضی کی غلطیوں کو دیکھا جا سکے۔ ہمیں ماضی کی غلطیوں کو دہرانا نہیں چاہیے۔ وفاقی جامعہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو میں سوچ اور فکر رکھنے والے لوگ ہیں۔ جب میں اپنی تاریخ سے ناواقف ہوں تو کسی سے کیا گلہ کروں؟ لیکن ہمیں اس دھرتی کیلئے جینا مرنا ہے۔ ملک میں پاکستانیت اس وقت آئے گی جب نوجوان محسوس کریں کہ وہ اس کے مالک ہیں ۔ اس سے قبل جب رضا ربانی جامعہ اردو پہنچے تو ان کا استقبال کرنے والے ان سے گلے ملنے لگے اس وقت تقریب جاری تھی ایک مقرر خطاب کر رہا تھا جس نے رضا ربانی کے ایسے استقبال پر تنقید کی۔

ای پیپر-دی نیشن