سپورٹس کی بہتری کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا:عارف حسن
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن کا کہنا ہے کہ ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستان کا کتنے رکنی دستہ شرکت کرئے گا اس بات کا فیصلہ بھارت کی جانب سے کھیلوں کے ایونٹس فائنل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ وفد کی شکل میں پاکستانی دستے کو بھارتی ویزے کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔ جن کھیلوں کی تنظیموں کو بھارت میں کسی ایونٹ میں شرکت کے لیے ویزا جاری نہیں ہوتا تو وہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نوٹس میں لائے تاکہ اولمپک کونسل آف ایشیا کے پلیٹ فارم پر معاملہ کو اٹھایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی جانب سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپورٹس کی بہتری کے لیے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، گھر بیٹھ کر میڈل نہیں آئیں گے بلکہ وکٹری سٹینڈ تک رسائی کے لیے تمام کھیلوں کی تنظیموں کو اپنی بیس درست کرنا ہونگی۔