ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ :پاکستانی 7 رکنی ٹیم آج اومان روانہ ہو گی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سات رکنی قومی ٹیم ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے آج جمعرات کو لاہور سے اومان رووانہ ہوگی۔ یہ چیمپئن شپ یکم سے 5 اکتوبر تک مسقط میں کھیلی جائے گی۔پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری محمد راشد ملک نے بتایا کہ 7 رکنی قومی ٹیم چار مرد اور تین خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے مرد کھلاڑیوں میں محمود ہیرا(120 کلوگرام)،سید ندیم ہاشمی(105 کلوگرام)، سہیل بٹ(83 کلوگرام)اور راشد ملک (93 کلوگرام) جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں ٹونکل سہیل(57 کلوگرام)، سونیا عظمت (63 کلوگرام) اور شازیہ کنول بٹ (84کلوگرام پلس) شامل ہیں جبکہ حیدر علی ٹیم منیجر اورمحمد زاہد کوچ ہونگے۔ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد زاہدنے کہا کہ چیمپئن شپ میں 13 ممالک کے مرد اور خواتین شرکت کر رہے ہیں جن میں میزبان اومان، پاکستان،عراق، اردن،ایران، متحدہ عرب امارات قازقستان، ازبکستان، ترکمانستان، کوریا، جاپان، بھارت اورفلپائن شامل ہیں۔