• news

مسلم لیگ (ن) الیکشن سے فرار ہو رہی ہے: جہانگیر ترین

ملتان (اے این این) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پہلے ہمیں للکار رہی تھی اب الیکشن سے فرار ہو رہی ہے‘ حکمران سٹے آرڈر کے پیچھے چھپ کر اپنی جان بچا رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بھانجے سید اسد مرتضیٰ گیلانی کی سانحہ منیٰ میں شہادت پر ان کے والد سے اظہار افسوس کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ احتساب کرنے والے ادارے وزیراعظم‘ وزیراعلیٰ کے ماتحت ہونے کی بجائے خود مختار ہوتے تو نندی پور پلانٹ پر اربوں روپے خرچ کر کے جو صرف تین دن چلا اس کے ذمہ داروں کا تعین ہو چکا ہوتا اور میٹرو بس منصوبے میں ہونے والی کرپشن بھی واضح ہو جاتی‘ لوٹ مار کرنے والوں کا جب تک احتساب نہیں ہو گا ملک تبدیل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹے آرڈر کی بنیاد پر کسی کی رکنیت کیسے بحال ہو سکتی ہے حکمران تو خود سٹے آرڈر کے پیچھے چھپ کر جان بچا رہے ہیں‘ میں ابھی بھی لودھراں میں اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہوں۔ مسلم لیگ ن کے کئی رہنما حکمرانوں کی کرپشن کے باعث انہیں چھوڑ کر میرے ساتھ آ ملے ہیں۔ سانحہ منٰی میں حکومت شہداء اور زخمیوں کے لئے ابھی تک کچھ نہیں کر سکی۔

ای پیپر-دی نیشن