• news

سانحہ منیٰ کے شہدا، زخمیوں کی تفصیلات طلب، اپنے پیاروں سے متعلق درست معلومات تک رسائی شہریوں کا حق ہے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ منٰی میں شہدا ء اور زخمی حاجیوں کے اعداد و شمار وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور کو 6 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ ملک نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سانحہ منٰی میں شہید اور زخمی ہونیوالے حاجیوں کی تعداد بارے ابھی تک وزارت مذہبی امور نے شہریوں کو درست معلومات سے آگاہ نہیں کیا جس کے باعث حاجیوں کے عزیز و اقارب کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور عوام کو درست معلومات فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔جسٹس عائشہ اے ملک نے ریمارکس دیئے کہ اپنے پیاروں کی درست معلومات تک رسائی شہریوں کا حق ہے۔ انہیں مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے سانحہ منٰی میں شہدا اور زخمی حاجیوں کے اعداد و شمار وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور کو 6 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

ای پیپر-دی نیشن