• news

بڑھاپے کی وجہ سے عمران کو وزیراعظم بننے کی جلدی ہے: احسن اقبال

اسلام آباد+ لاہور (ایجنسیاں) وزیر اطلات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے کسان پیکیج کو اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا، وزیراعظم کے اعلان کردہ کسان پیکیج کا مقصد کسانوں کے گھروں میں خوشیاں لانا تھا، اب اسکے ذمہ دار عمران خا ن ہوں گے۔ عمران خان عوام کو ملنے والی ہر سہولت میں رکاوٹ بنتے ہیں، عمران خان نے عوام کے ہر فائدہ کو نقصان پہنچانے کی سیاست کی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان پنجاب میں انتشار پھیلانے کے بجائے خیبر پی کے پر توجہ دیں، بڑھاپے کی وجہ سے عمران خان کو وزیراعظم بننے کی جلدی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان ناکامی کی علامت بن چکے، جہاں جاتے ہیں انکے امیدوار کو شکست ہو جاتی ہے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ایک سال پہلے عمران خان اسلام آباد فتح کرنے گئے تھے اور اب لاہور فتح کرنے آئے ہیں لیکن اس مرتبہ بھی انہیں ناکامی ہی ہوگی۔ لودھراں کے انتخاب میں پی ٹی آئی کو جیت کی امید تھی تو عدالت میں ان کے وکیل نے اپنا کیس کیوں نہیں لڑا۔ پنجاب اسمبلی کے رکن سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان ضمنی انتخابات میں یقینی شکست کے خوف سے بوکھلا چکے ہیں۔ این اے 122 کے الیکشن میں تحریک انصاف کی شکستہ نوشتہ دیوار ہے۔ انہیں عوام اور انکے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن