این اے 122: ایاز صادق ضمنی انتخاب کے نتائج تک سپریم کورٹ میں اپیل کی پیروی نہیں کرینگے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے این اے 122 کے ضمنی انتخابات کے نتائج تک سپریم کورٹ میں الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایاز صادق کے وکلاء کے مطابق 11 اکتوبر کے بعد اپیل کی پہلی سماعت کی درخواست دینے کا فیصلہ کیا جائیگا۔ ایاز صادق نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قانونی ذرائع کے مطابق این اے 154 سے مسلم لیگ(ن) کے صدیق بلوچ کو بحال کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمران کی تنقید کے بعد ایاز صادق نے قیادت کی مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ضمنی انتخابات کے نتائج تک سپریم کورٹ میں اپیل کی پیروی نہیں کرینگے تاکہ عمران خان کو الزام تراشی کا موقع نہ ملے۔