سانحہ منیٰ‘ پاکستانی شہداء 54 ہو گئے‘ 110 تاحال لاپتہ ہیں: سردار یوسف
جدہ (امیر محمد خان سے) وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ سانحہ منیٰ میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 54 ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 110 مزید پاکستانی لاپتہ ہیں جبکہ ایک روز قبل ان کا کہنا تھا کہ صرف 42 پاکستانی لاپتہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے حج مشن کے کارکنوں نے ایک ایک عمارت میں جاکر گمشدہ پاکستانی حجاج کی فہرست تیار کی 110 مزید پاکستانی مزید لاپتہ ہیں۔ روزانہ دیئے جانے والے غلط بیانات جو بغیر کسی تحقیق کے جاری کئے جارہے ہیں پر حجاج اور پاکستان میں ان کے رشتہ داروںکو سخت پریشانی کا سامنا ہے، پاکستانی حج مشن کے افسر میڈیا کا سامنا نہیں کرتے۔ واضح رہے ڈائریکٹر جنرل حج ابو عاکف اور ڈپٹی ڈائیریکٹر حج رافع شاہ کو جو پی پی پی کے رہنما خورشید شاہ کے بھتیجے ہیں کو وزیراعظم نواز شریف نے اپنے گزشتہ سال سعودی عرب کے دروے کے دوران بہترین کارکردگی پر سعودی عرب تعنیاتی میں ایک سال کی توسیع دی تھی جبکہ پاکستانی حج مشن کے ایک اعلیٰ افسر کے خلاف پاکستانی حج مشن میں 19 کروڑ کی بدعنوانی کی فائل وزیراعظم ہائوس میں موجود ہے جو بند کرا دی گئی۔ سعودی عرب میں موجود پاکستانیوںنے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ امریکہ اور لندن سے واپس پر اگر وہ ایک دن سعودی عرب آکر معاملے کا خود جائزہ لیں تو شائد ہمارے سرکاری اہل کار پاکستانیوں کے حوالے سے محنت سے کام کر سکیں۔ قبل ازیں وزیر حج سردار محمد یوسف نے سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور و حج بندر بن محمد بن حمزہ اسعد الحجار سے ملاقات کی اور سانحہ منیٰ پر تعزیت کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کی تمام اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے اعلیٰ انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی وزیر نے کہا کہ سانحہ منیٰ ایک قضائے الٰہی تھا۔ سعودی عرب کے ساتھ ساتھ پاکستان بھی مسلمانوں کی شہادت پر غم زدہ ہے۔ اس موقع پر سعودی وزیر حج بندر حجاز نے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے۔ انہوں نے پاکستانی وزیر کو یقین دلایا کہ سعودی حکومت زخمیوں کے علاج اور سہولیات پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے گی۔