• news

پاکستان سارک کے منشور کے مطابق ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے: سرتاج عزیز

نیویارک (اے این این) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان سارک کے منشور میں شامل مقاصد اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے پر عزم ہے، سارک علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کا اہم فورم ہے۔ نیویارک میں سارک وزرائے خارجہ کونسل کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے حوالے سے سارک کو ایک اہم فورم تصور کرتا ہے۔ پاکستان نے کئی برسوں سے سارک کے اہداف کے حصول کی جانب نمایاں اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان اگلے سال اسلام آباد میں سارک کے 19 ویں سربراہ اجلاس کیلئے تنظیم کے تمام رکن ملکوں کا خیرمقدم کرنے کا خواہاں ہے۔ سرتاج عزیز سے آسٹریا کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے جس میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال سمیت مہاجرین کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔ ترجمان دفترخارجہ قاضی خلیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیو یارک میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے آسٹریا کے وزیر خارجہ بورلی بوسٹین نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان مشرق وسطی، شام اور افغانستان کی صو رت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آسٹریا کے وزیر خارجہ بورلی بوسٹین نے مہاجرین کے مسائل کے حوالے سے یورپی یونین کی تشویش سے تفصیلی آگاہ کیا۔
سرتاج عزیز

ای پیپر-دی نیشن