• news

کسان پیکج پر فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے سے بھی گریز نہیں کرینگے: پرویز رشید

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم کے کسان پیکج کے خلاف الیکشن کمشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے کسان پیکج کو انتخابات سے جوڑنا ہرگز درست نہیں، اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی اور کاشتکاروں کے حقوق کیلئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا تو اس سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا حکومت الیکشن کمشن کے فیصلہ کا احترام کرتی ہے لیکن اس سے اتفاق نہیں کرتی، دو روز میں فیصلہ کیا جائے گا کہ کس فورم پر اپیل کی جائے گی وزیراعظم کسان پیکج کا کاشتکاروں کے لئے ہے۔ عمران خان نے تین کسان کنونشن کر کے پیکج کا مطالبہ کیا اب وزیراعظم نے چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف دیا تو عمران خان کو تکلیف ہوگئی، عمران خان نے دھرنے کے اعلان کے ذریعے الیکشن کمشن کی کنپٹی پر پستول رکھا مگر ہم کسانوں کے اس پیکج کیلئے الیکشن کمشن کے فیصلے پر ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر اطلاعات نے کہا تحریک انصاف کسان پیکج کی اس لئے مخالفت کر رہی ہے اس میں بڑے جاگیردار موجود ہیں جو یہ ہرگزنہیں چاہتے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف ملے، عمران خان نے دانش سکول پر بھی اعتراض کیا تھا جہاں بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی تھی، عمران خان صاحب اپنے کسی بھی کارکن کے گھر نہیں گئے، آج (ن) لیگ کے کارکن کے گھر جا کر اسے اپنی پارٹی میں شامل کیا، عمران خان اپنے ورکرز کو تو دھتکارتے ہیں مگر ہمارے ورکروں کو گلے لگاتے ہیں، ملتان کے جلسے میں مرتے ہوئے ورکروں کیلئے اپنی تقریر تک نہیں روکی، آج ایاز صادق کی وجہ سے لاہور کی گلیوں کی خاک چھاننی پڑ رہی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ جب بھی عوام کو کوئی ریلیف دیا جاتا ہے عمران خان اور تحریک انصاف کو تکلیف ہوتی ہے، وزیراعظم کسان پیکج کا تعلق جاگیرداروں سے نہیں تھا، والدین کی شکایت پر بڑے تعلیمی اداروں کی فیسوں کے حوالے سے جب نواز شریف نے ایکشن لیا تو بڑے تعلیمی اداروں کے سربراہ عمران خان کے ساتھ ہو گئے، الیکشن کمشن پر دبائو ڈال کر کسان پیکج کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر کسان پیکج اور چھوٹے کاشتکاروں کے حقوق کیلئے اور ان کے مفاد کا خیال رکھنے کیلئے موجودہ حکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی، حکومت اگر کوئی ریلیف دے گی تو کیا الیکشن کمشن حکومت کے ریلیف کو عمران خان کے امیدوار کی کامیابی کیلئے ختم کرے گی۔ جب تک کاشتکاروں کی جیب میں پیسے نہیں پہنچ جاتے ہم ان کے حق کیلئے لڑتے رہیں گے۔ جلد لاہور جاکر عمران خان کو گلیوں کی خاک چھا نے پر مجبور کر دوں گا انہیں تو ڈرائیور کے بغیر لاہور کی سڑکوں کا علم نہیں اگر وہ ڈرائیور کے بغیر لاہور میں گھوم لیں تو ان کو سیلوٹ کر لوں گا۔
پرویز رشید

ای پیپر-دی نیشن