• news

بعض نجی بنکوں نے عیدالاضحیٰ پر جعلی نوٹ جاری کئے: سینٹ قائمہ کمیٹی کا اظہار تشویش

اسلام آباد (آن لائن+ این این آئی) ملک میں لاکھوں جعلی پنشنرز کی موجودگی کے بعد بڑے پیمانے پر جعلی نوٹوں کی گردش کا سکینڈل بھی سامنے آگیا ہے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے عید الاضحٰی کے موقع پر جعلی نوٹوں کی گردش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سٹیٹ بینک کے حکام کو معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا کہ عید قربان کے موقع پر ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جعلی کرنسی نوٹ پھیلائے گئے۔ یہ نوٹ قربانی کیلئے جانوروں کی خریداری میں استعمال کئے گئے۔ یہ اطلاعات بھی زیر گردش رہی ہیں کہ جعلی نوٹوں کی سپلائی میں بعض نجی بینک بھی ملوث رہے ہیں۔ کمیٹی کے رکن سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ مجھے خود بھی کئی جعلی نوٹ ملے ہیں۔ بینکوں کی جانب سے فراہم کئے جانے والے نئے نوٹوں میں بھی جعلی نوٹ شامل تھے۔ سٹیٹ بینک حکام نے کہا کہ تمام نجی بینک اس وقت مینوئل طریقے سے رقم کی لین دین کررہے ہیں۔ تمام بینکوں کو نظام کمپیوٹرائزڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ جعلی نوٹوں کی گردش پر قابو پایا جاسکے۔ عوام کو جعلی نوٹوں کی پہچان سے متعلق اگلے ہفتے مہم چلائی جارہی ہے۔ نئے کرنسی نوٹوں میں ایسی خصوصیات رکھی گئی ہیں کہ نابینا افراد بھی جعلی اور اصلی کرنسی نوٹ میں فرق محسوس کر سکے۔ کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے امریکی ڈالروں کی سٹیپلنگ سے بیرون ممالک میں ڈالر قبول نہیں کئے جاتے یہ سلسلہ ختم کیا جائے جس پر سٹیٹ بینک کے حکام نے کہا کہ ہم نے بینکوں کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ نوٹوں کی سٹیپلنگ نہ کی جائے تاہم اس سلسلے میں دوبارہ ہدایات جاری کی جائینگی۔ سٹیٹ بینک کے حکام نے بتایا کہ 2017ء تک بینکوں کیلئے سسٹم تشکیل دیں گے کمیٹی نے خیبر پی کے میں بینکوں سے کم قرضوں کی فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا۔کمیٹی کے رکن کامل علی آغا نے بتایا کہ بعض بینکوں سے جاری کی گئی نوٹوں کی گڈیوں سے بھی جعلی نوٹ نکلے ہیں۔ سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ بینکوں نے صارفین کو جعلی نوٹ جاری کیے اور بینکوں سے دی جانے والی نقدی میں بھی جعلی نوٹ ہوتے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے حکام نے کہا بینک کوئی بھی نوٹ چیک کیے بغیرجاری نہیں کرتا تاہم کرنسی کی تصدیق کی مشینیں بینکوں کو لینا پڑیں گی۔ ہم جعلی نوٹ چیک کرنے کیلئے 2 مشینیں خرید رہے ہیں۔ کمیٹی نے سٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ 2017 تک نوٹوں کی تصدیق کے لیے ہر برانچ میں مشینیں لگائی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن