پی پی پی کی طرح مسلم لیگ ن حکومت بھی بھاشا ڈیم کیلئے فنڈز کے انتظام میں ناکام
لاہور (نیشن رپورٹ) اپنی پیشرو پاکستان پیپلزپارٹی کی طرح مسلم لیگ ن کی حکومت بھی دیامر بھاشاڈیم کے لئے فنڈز کا انتظام کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ڈیم کی لاگت جو 2009ء میں 9 بلین ڈالر تھی اب 14 بلین ڈالر تک چلی جائیگی۔ پانی و بجلی کے شعبے سے متعلق ایک اہلکار نے اس خوف کا اظہار کیا ہے کہ حکومت عالمی اداروں سے رقوم وعدے حاصل نہیں کر سکے گی۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت قرض دینے والے عالمی اداروں سے اس منصوبے کے لئے فنڈز وصول نہیں کر سکے گی۔ اس کے علاوہ وہ امداد دینے والے ممالک سے بھی وعدے حاصل نہیں کر سکے گی۔ اس ڈیم کی تکمیل سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ تین چار سال بعد ڈیم کی تعمیر کے اخراجات دگنا ہو جاتے ہیں۔