خالد پرویز گروپ تاجر سپریم کونسل سے علیحدہ‘ حکومت کو 10 اکتوبر کی ڈیڈ لائن
لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے دھڑوں میں 7 اکتوبر کی ہڑتال پر اتفاق نہ ہونے پر خالد پرویز گروپ نے تاجروں کی سپریم کونسل سے الگ ہونے کا اعلان کردیا ہے اور 7اکتوبر کی ہڑتال کی کال دینے کی بجائے حکومت کو ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کیلئے 10 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دے دی۔ آل پاکستان انجمن تاجران کا ملک گیر کنونشن طلب کرکے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کی کال دیں گے۔ 7 اکتوبر کی ہڑتال کی کال کا فیصلہ تاجروں سپریم کونسل کا تھا لیکن سپریم کونسل نے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا اسلئے ہم نے تاجروں کی سپریم کونسل توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے خود ان سے رابطہ کیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے بات کرکے تاجروں کے مطالبات منظور کرانے کی کوشش کریں گے۔ دریں اثناء آل پاکستان تاجر اتحاد نے بھی حکومت کو 10 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی ہے اور کہا کہ 7 اکتوبر سے بنکوں سے لین دین کا بائیکاٹ کریں گے۔ دوسری جانب انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے جنرل سیکرٹری نعیم میر نے کہا ہے کہ وہ کسی ہڑتال کی حمایت نہیں کریں گے کیونکہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف 4 ہڑتالوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اب انتہائی اقدام کا فیصلہ کیا ہے اور 13 اکتوبر کو اسلام آباد میں این بی آر کے دفتر کا گھیرائو کریں گے اور دھرنا دیں گے۔