کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے سٹیل ملز سندھ کو دینے کی پیشکش منظور کر لی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے سٹیل ملز سندھ حکومت کی خواہش پر اسے دینے کی تجویز کی منظوری دیدی ہے۔ کمیٹی نے فیصل آباد الیکٹرک کمپنی کی نجکاری کے ڈھانچے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی صدارت میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت سٹیل ملز سندھ حکومت کو فروخت کرنے کی پیشکش کریگی۔ کمیٹی کے مطابق سندھ حکومت کو سٹیل ملز دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ سندھ حکومت نے اس پر غور شروع کر دیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے کنٹرول لینے میں دلچسپی کے بعد یہ پیشکش کی گئی۔ سندھ حکومت نے اس پر غور شروع کر دیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے کنٹرول لینے میں دلچسپی کے بعد یہ پیشکش کی گئی۔ سندھ حکومت کو سٹیل ملز تمام اثاثوں اور قرضوں سمیت دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 74 فیصد حصص کی نجکاری کی بھی منظوری دی گئی۔ انہیں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید‘ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی‘ اقتصادی امور کے مشیر بیرسٹر ظفراللہ اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے شرکت کی۔