• news

تربت: 2 افراد کی نعشیں برآمد، پشاور، سوات میں 4 دہشت گرد گرفتار

تربت+ کوئٹہ+ پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع تربت سے دو افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں شناخت کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پشاور میں کالعدم تنظیم کے 3 اہم کمانڈروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سوات میں بھی ایک دہشت گرد کو حراست میں لے لیا گیا۔ لیویز کے مطابق تربت کے نواحی علاقے پیداگ سے دو افراد کی نعشیں ملی ہیں جن کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ دونوں افراد کی نعشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انکی شناخت فیصل اور داد بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذ رائع کے مطابق مقتولین کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ ادھر پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے تین اہم دہشت گرد کمانڈروں کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی آپریشن پشاور ڈاکٹر میاں محمد سعید کے مطابق بڈھ بیر کے علاقے میں ٹارگٹ آپریشن کے دوران لشکر اسلامی جمروز گروپ کے تین ارکان نصیر خان، زرمہ خان اور حضرت شیر کوگرفتار کر لیا۔ ملزمان کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایس ایم جی دو پستول اور دو دستی بم بھی برآمد کر لئے گئے۔ دریں اثناء محکمہ انسداد دہشتگردی نے سوات میں کارروائی کرتے ہوئے دہشتگرد گرفتارکرلیا۔ گرفتار دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث رہا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور ریجن نے سندھ پولیس کو مطلوب اہم ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔ بلال حسین سندھ رینجرز، سیاسی ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ اور پولیس تھانوں پر حملوں میں ملوث ہے۔ ٹارگٹ کلر کو متنی کے علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔ ادھر فرنٹیئرکور بلوچستان اور حساس ادارے نے ژوب میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ ژوب کے علاقے مرغہ کبزئی میں سرچ آپریشن کے دوران بھاری تعدادمیں اسلحہ اورگولہ بارود برآمدکر لیا۔ آپریشن کے دوران برآمد کئے جانے والے اسلحے اور گولہ بارود میں 23 عدد آر پی جی سیون کے گولے، 03عدد راکٹ، 22 عدد آر پی جی سیون فیوز، 18عدد الیکٹرک بیٹری، 01عدد ہینڈگرنیڈ، 01عدد ڈریل مشین، 01عدد وائر کٹر اور 16عدد سلوشن ٹیپ شامل ہے۔ ادھر حب کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ڈی ایس پی کی گاڑی پر حملہ کر دیا پولیس نے جوابی کارروائی کے بعد ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق پولیس پشاور نے مختلف کارروائیوں کے دوران 55 افغان مہاجرین اور سنگین مقدمات میں مطلوب 30 اشتہاری ملزمان سمیت 140 جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جن کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ‘ منشیات اور کارتوس وغیرہ برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ادھر پہاڑی پورہ کے علاقہ پخہ غلام کاکا خیل ٹائون میں نامعلوم افراد نے ایک حجرکے پر دستی بم سے حملہ کر دیا‘ تاہم دھماکہ میں کوئی جانی نصان نہیںہوا۔

ای پیپر-دی نیشن