کراچی میں گرمی کی شدت سے درجنوں افراد بیمار، لو چلتی رہی
کراچی (آن لائن)کراچی میں تین روز سے جاری شدید گرمی اور لو کی لہر کے باعث 20 افراد ہیٹ سٹروک سے متاثر ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد دی گئی۔ گزشتہ دو روز کے دوران کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا جس کی شدت 45 ڈگری تک محسوس ہوتی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعہ کو موسم گرم اور خشک رہا اور گرم ہوائیں بھی چلتی رہیں تاہم آج سے گرمی کی شدت میں قدرے کمی کا آنے کا امکان ہے۔ کراچی میں اکتوبر کا مہینہ گرم ہی ہوتا ہے آئندہ ہفتے ایک بار پھر درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ دوسری جانب سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کے مطابق 2 روز کے دوران عباسی شہید ہسپتال میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ سٹروک سے متاثرہ 16 افراد لائے گئے، جن میں سے زیادہ تر افراد کو فوری طبی امداد دینے کے بعد گھر واپس بھیج دیا گیا جبکہ دیگر ہسپتالوں میں بھی درجنوں لوگ لائے گئے۔