نوابشاہ : 5بچوں کے غریب باپ نے انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کی
نواب شاہ(نوائے وقت نیوز) کتابوں سے دوستی اورعلم کی پیاس ترقی کے سفر میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو دورکردیتی ہے۔ایسی ہی روشن مثال نواب شاہ کے شہری کی ہے جس نے غربت کے باوجودکتابوں سے رشتہ نہ توڑا۔5بچوں کے باپ نے انٹرامتحانات میں شرکت کی توڈویژن بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔نواب شاہ کے تعلقہ دوڑ کے گائوں جمعہ خان کے رہائشی محنت کش کسان علی حسن بروہی پانچ بچوں کا باپ ہے۔وہ آٹھویں جماعت میں تھا جب والد کا انتقال ہوگیا۔معاشی حالت آڑے آئے تو تعلیم ادھوری رہ گئی لیکن ہمت نہ ہاری۔وہ کتابوں سے ٹوٹا سلسلہ جوڑنے کی کوشش کرتارہا۔7سال بعد پھر سے انٹربورڈ میں رجسٹریشن کرائی۔2015میں انٹرآرٹس کے پیپرز دیئے تو پورے حیدرآبادڈویژن میں 801نمبر لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پڑھائی میں مدد دینے والے استاد اور دوست سکندرعلی رند نے کہا کہ علی حسن نے توقعات سے بڑھ کر نتائج دیئے۔ علی حسن بروہی نے انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ ترقی کے سفر میں آگے بڑھنے کے لئے غربت، بلند حوصلوں کو پست نہیں کرسکتی۔
غریب/پوزیشن