افغانستان کے بغیر پاکستان میں امن نہیں ہو سکتا: اسفند یار
چارسدہ (نامہ نگار) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے۔ پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد آخری دم تک جاری رہیگی۔ افغانستان میں امن کے بغیر یہاں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ بلوچستان اور خیبر پی کے میں جو حالات موجود ہیں اس میں صرف پختونوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ پختونوں کو اپنے حقوق اور تخفظ کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی کمانڈر پختون زلمے حاجی ہدایت اللہ خان عرف باچا آٖف گل آباد کی خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی نے اپنی دور حکومت میں نعشیں اٹھانے اور سخت حالات ہونے کے باوجود قوم سے کئے گئے وعدے اور اپنے بزرگوں کے خواب پورے کر لئے ہیں۔ اے این پی نے پختون قوم اور اس مٹی کیلئے جتنی قربانیاں دی ہیں اسکی مثال نہیں ملتی ۔ جس پر پارٹی کے ہر کارکن کو فخر کا مقام حاصل ہے۔ صوبہ خیبر پی کے اور بلوچستان میں جو حالات موجود ہیں اس میں پختونوں کا خون بہایا جار ہا ہے ۔ اے این پی نے ہمیشہ پختون قوم کے حقوق کیلئے آواز اٹھا کر قربانیاں دی ہیں اور ہر جابر کے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پختونوں کے حقوق کی بات کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پختون قوم اے این پی پر بھر پور اعتماد کر رہی ہے۔ عوام دیگر سیاسی پارٹیوں سے مایوس ہوچکے ہیں اور جوق در جوق اے این پی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ اب وقت کا تقاضا یہ ہے کہ پختون قوم اے این پی کے جھنڈے تلے متحد ہوکر پختونوں کے حقوق کے حصول اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔
اسفند یار ولی