• news

’’کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیاجائے‘‘

نیویارک (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) اسلامی تعاون تنظیم آو آئی سی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔او آئی سی نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے پر بھی زور دیا ہے ۔ او آئی سی نے ایک قرار داد منظوری کی جس میںاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کا اعادہ کیاگیا۔ قرار داد او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس میں منظورکی گئی۔کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح الخالد الصباح نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں عالم اسلام سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فلسطین، قبرص اور روہنگیا مسلمانوں کے تنازع اور اس کے حل کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے فلسطین، جموں و کشمیر، قبرص، نگورنو کارا باخ اور روہنگیا مسلمانوں کے تنازعات سمیت امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کے مشترکہ پلیٹ فارم کی اہمیت پر زور دیا۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سرتاج عزیز نے کہا کہ یہ ایک دیرینہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔سرتاج عزیز نے مقبوضہ علاقوں کی واپسی کیلئے فلسطین کی کوششوں کی بھرپور معاونت کے پاکستانی عزم کابھی اظہار کیا اورمسجد اقصی پر اسرائیل کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ مسلمانوں کے مقدس مقام کی بے حرمتی پر اسرائیل کیخلاف کارروائی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن