کراچی میں پھر شدید گرمی، ہیٹ سٹروک کے شکار مزید 7 مریض ہسپتال پہنچ گئے
کراچی (آئی این پی)کراچی میں پارہ 41 ڈگری پر پہنچ گیا، ہیٹ سٹروک کے مزیدسات مریض ہسپتال پہنچ گئے، لاہور میں بھی سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کر دیں۔ملک کے اکثر علاقے گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں آگئے، کراچی میں دن بھر سورج سوا نیزے پر رہا اور پارہ اکتالیس ڈگری پر پہنچ گیا۔شدید گرمی نے شہریوں کو بے حال کئے رکھا، ہیٹ سٹروک کے مزید سات مریض ہسپتال پہنچ گئے، دو روز کے دوران تعداد سولہ ہوگئی۔اندرون سندھ اور جنوبی بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بھی گرمی کا راج رہا، سب سے زیادہ گرمی تربت میں پڑی جہاں پارہ 45 ڈگری ہو گیا۔لاہور میں بھی سورج کا پارہ پھر سے چڑھنے لگا، دن کے اوقات میں گرمی کی شدت بڑھ گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں کل سے گرمی کی شدت کم ہونے کا امکان ہے۔ملک کے اکثر علاقوں میں گرمی کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہ سکتا ہے۔