• news

سپریم کورٹ میں ججز کی خالی اسامیوں پر فوری تعیناتی کا فیصلہ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ میں ججز کی خالی اسامیوں پر فوری تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس منظور احمد ملک کو سپریم کورٹ میں جج تعینات کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم کے قانون سے متعلق مشیر اشتراوصاف علی اور سینئر وکیل خواجہ حارث میں سے بھی کسی ایک کو آئین کے آرٹیکل 177 کے تحت سپریم کورٹ میں براہ راست جج تعینات کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔ 12 اکتوبر کو مسٹر جسٹس سرمد جلال عثمانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایک اور اسامی خالی ہونے پر لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس سردار طارق مسعود کو بھی سپریم کورٹ میں جج تعینات کرنے پر غور ہو رہا ہے۔ حتمی منظوری کا فیصلہ جوڈیشل کمشن کے آئندہ اجلاس میں کیا جائیگا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی سے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سپریم کورٹ میں آئندہ تعیناتیوں پر بھی غور کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منظور احمد ملک اور سینئر ترین جج مسٹر جسٹس سردار طارق مسعود کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی صورت میں مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس بن جائینگے۔

ای پیپر-دی نیشن