چیف آف ائر سٹاف انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ،فرحان محبوب، ناصراقبال، طیب اسلم اور اسرار احمد کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
لاہور (خبر نگار) چیف آف ائر سٹاف انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ کا مین رائونڈ شروع ہو گیا۔ پہلے میچ میں مصر کے عمر عبدالمغیر نے پاکستان کے وقار محبوب کو ہرا دیا۔ پاکستان کے فرحان محبوب نے پاکستان ہی کے دانش اطلس خان کو 7-11، 11-4، 11-5 اور 11-4 سے مات دی۔ مصر کے محمد ابوالغر نے پاکستان کے کاشف آصف کو شکست دی۔ مصر کے کریم الفاطمی نے آسٹریا کے عقیل رحمان کو ہرا دیا۔ ناصر اقبال نے خواجہ عادل مقبول کو مات دی۔پاکستان کے اسرار احمد نے ہم وطن پلیئر شاہجہاں خان کو ہرا دیا۔ طیب اسلم نے ہم وطن ثاقب یوسف کو شکست دی جبکہ مصر کے شہاب اسام نے نیوزی لینڈ کے لانس بڈوز کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنلز آج کھیلے جائیں گے۔ پہلا کوارٹر فائنل مصر کے عمر عبدالمغیر اور پاکستان کے فرحان محبوب کے درمیان دوپہر ایک بجے‘ دوسراکوارٹر فائنل پاکستان کے طیب اسلم اور مصر کے کریم الفاطمی دوپہر دو بجے ‘ تیسرا کوارٹر فائنل ناصر اقبال اور اسرار احمد کے درمیان تین بجے‘ آخری کوارٹر فائنل شہاب اسام اور مصر کے محمد ابوالغر آمنے سامنے ہوں گے۔