فیسکو کی نجکاری کا حکومتی فیصلہ قومی مفادات کے برعکس ہے: خورشید احمد
لاہور (نیوز رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کا فیصلہ عوامی مفادات کے برعکس ہے۔ انہوں نے ایک اجلاس میں کہا کہ اس سے قبل سینٹ اور قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے پانی و بجلی پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ منافع میں جانے والی کمپنیوں کی نجکاری درست نہیں۔ اس سے قبل راولپنڈی، ملتان، اور کراچی کی کمپنیوں کا تجربہ بری طرح ناکام ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میٹرو بس حکومت پبلک سیکٹر میں چلا سکتی ہے تو بجلی کی کمپنیوں کو پبلک سیکٹر میں کیوں نہیں چلایا جا سکتا۔ حکومت کو چاہئے کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔