• news

پیپلزپارٹی کو باہر سے بیٹھ کر نہیں چلایا جا سکتا زرداری کا قبضہ ختم کرائیں گے: ناہید خان

لاہور(اے این این ) پیپلزپارٹی ورکرزکی مرکزی رہنما ناہید خان نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی پر قابض مافیا بھٹو شہید اور بی بی شہید کی سوچ اور نظریے کو ختم کرنے کے لیے کام کررہاہے جس میں انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مافیا نے پاکستان کی معیشت اداروں سوشل سیکٹر سمیت سب پر اپنا کنٹرول کررکھا ہے ہم پارٹی کو بھٹو اور بی بی شہید کی سوچ اور نظریے کے مطابق چلانے کے لیے اس مافیا سے آخری دم تک لڑتے رہیں گے اور زرداری سے پارٹی پر قبضہ ختم کروائیں گے جمہوریت کی خاطر لڑتے لڑتے جان دینے والی بی بی شہید کو جمہوریت بھی انصاف نہیں دے سکی جیالے ہی محترمہ شہید کے قتل کا حساب لیں گے ۔ گذشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید کی سوچ تھی کہ پاکستان کا مضبوط کسان، ہاری، مزدور اور غریب طبقات جن کو حقوق نہیں ملتے تھے ان کے لیے پیپلز پارٹی بنائی تھی اب زرداری اس سوچ کو ختم کرنے پر کام کررہے ہیں انہوں نے کہا غریبوں کے اندر آج بھی زندہ ہے جیالے بھٹو کے فلسفے اور بی بی شہید کی سوچ کو سمجھتے ہیں اور پارٹی کی حالت زار دیکھ کر بہت دکھی ہیں انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے جمہوریت کی خاطر قربانی دی مگر افسوس کے جمہوری حکومت بھی بی بی شہید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچا سکے۔ اب بلاول بھٹو کو فیصلہ کرنا پڑے گا کہ وہ نانا اور والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہیں یا اپنے باپ کی پالیسیوں پرعمل پیرا ہوں گے۔امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان کے سوال پر انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی البتہ بی بی شہید نے اپنی زندگی میں سکیورٹی کے حوالے سے کئی مرتبہ خدشات کا اظہار کیا پرویز مشرف اور سکیورٹی کے اداروں کو لیٹر لکھے اس کے باوجود وہ دہشت گردی کا شکار ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن